جو کام کر رہا ہوں، وہ میرے دائرہ اختیار میں ہے، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سب کو مل کر سندھ کی ترقی کیلیے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت ایک دوسرے پر تنقید کا نہیں بلکہ ملک جوڑنے کا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھٹ شاہ میں سندھ کے عظیم صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتشار اور نفرت کی سیاست پاکستان کے معاشی حالات کو بہتر نہیں ہونے دیتے۔ یہ وقت ایک دوسرے پر تنقید کا نہیں بلکہ ملک کو جوڑنے کا ہے۔

گورنر سندھ نے سب کو مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جو کام کر رہا ہوں، وہ میرے اختیارات میں ہے۔ اس پر تنقید نہیں ہونی چاہیے۔ وفاق کا نمائندہ ہوں، سیاسی معاملات پر بات کرنا اس وقت میرا کام نہیں۔ آئیں مل کر سندھ اور نوجوانوں کے لیے کام کرتے ہیں اور صوبے کے جو وسائل ہیں اس کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقی دلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہی پاکستان کی معیشت کے 99 فیصد حصے کو پورا کرتا ہے اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے سندھ ہی ایک مرتبہ پھر اپنا کردار ادا کرے گا۔ کاروباری افراد بھی تھوڑا صبر رکھیں، صورتحال بہتر ہو جائے گی۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایس آئی ایف سی معیشت کی بہتری کیلیے کوشاں ہے اور یہ جس طرح کام کر رہی ہے، جلد خوشخبریاں ملیں گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مفت آئی ٹی کورسز کرا رہے ہیں، اس میں کوئی سیاست نہیں ہے۔ ہم 8 ہزار ڈالر تک کے مفت کورس کرا رہے ہیں۔ ہم نے طلبہ کوتمام ایڈوانس

کورسزکی تربیت مفت دینی ہے اور یہ کورس مکمل کرنے کے بعد صوبے کے نوجوان 15 سے 20 لاکھ تک ماہانہ کما سکتے ہیں۔ کراچی گورنر ہاؤس کی طرح حیدرآباد میں بھی آئی ٹی کورس کرائیں گے اور آئندہ 6 سے 8 ماہ میں سندھ کے لاکھوں نوجوان ان کورسز سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

قبل ازیں گورنر سندھ نے شاہ بھٹائی کے مزار پر حاضری دی اور چادر چڑھا کر عرس کی تقریبات کا آغاز کیا۔

انہوں نے بھٹ شاہ آمد سے قبل بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ حیدرآباد، نواحی علاقوں اور دریائے سندھ کا فضائی معائنہ کیا اور ریلیف کے کاموں کو تیز کرنے کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں راشن بیگز اور ٹینٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔