وفاقی حکومت نے دھرنے کے دوران گرفتار ہونے والے جماعت اسلامی کے تمام کارکنان کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے 35 گرفتار کارکنان کی فہرست فراہم کی گئی، جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنان کی رہائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں، ہمارا مشن ہے کہ پاکستان کو چلنے دیا جائے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 200 یونٹ والے صارفین کو 50 ارب کی سبسڈی دی گئی، حکومت کے اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کی جارہی ہیں، ڈیجیٹل اسپیس پیدا کیا جائے گا، ہمارا مشن ہے کہ دوست ممالک سے سرمایہ کاری کرائی جائے، ہم چاہتے ہیں روپیہ مستحکم ہوجائے اور روزگار فراہم کیا جائے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل کمیٹی ہمارے بین الاقوامی معاملات دیکھ کر بات کرے گی، کوشش ہے مذاکرات کے اگلے دور میں معاملات طے ہوجائیں۔
کوشش ہے معاملات طے ہوں اورجماعت اسلامی کا دھرنا ختم ہوجائے، ہم سمجھتے ہیں نجکاری سےعوام کو ریلیف منتقل کیا جائےگا، ہم چاہتے ہیں عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کام کیا جائے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وزیرتوانائی چین سے واپس آئیں گے تو تفصیل سے بات کریں گے، روپیہ مستحکم ہوا ہے، مہنگائی کم ہوگی، تمام معاملات پر بحث ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ ہم چاہتےہیں کہ بجلی اور پیڑول کی قیمت سستی ہو، چاہتے ہیں لوگوں کی تنخواہ زیادہ ہو، مسائل حل ہوں۔