اسلام آباد: وفاقی حکومت نےعام انتخابات کے لیے فنڈزجاری کرنے کی حکمت عملی طے کرلی، پہلی سہہ ماہی میں تمام فنڈز جاری کرنے کی الیکشن کمیشن کی تجویز ماننے سے انکار کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عام انتخابات کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی طرف سے فنڈزجاری کرنے کی حکمت عملی طے کرلی گئی ہے، حکومت نے الیکشن کمیشن کو ضرورت کے مطابق مرحلہ وار فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے 10 ارب روپے دوبارہ فراہم کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے، عام انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 42 ارب 42 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ فنڈز ضرورت کے مطابق مرحلہ وار بنیادوں پر جاری کیے جائیں گے، الیکشن کمیشن ضرورت کے مطابق فنڈز کے لیے وزارت خزانہ سے رجوع کرے گا، انتخابات کے حوالے سے پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
کُل 42 ارب 42 کروڑ کی رقم میں سے 10 ارب روپے گزشتہ مالی سال مختص کیے گئے تھے، الیکشن کمیشن نے گزشتہ مالی سال عام انتخابات کے لیے 47 ارب 42 کروڑ روپے مانگے تھے۔
الیکشن کمیشن کو گزشتہ مالی سال 15 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی تھی جب کہ گزشتہ مالی سال الیکشن کمیشن کو 5 ارب روپے جاری کیے گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 ارب میں سے 4 ارب 47 کروڑ روپے استعمال کیے گئے، الیکشن کمیشن نے رہ جانے والے 53 کروڑ روپے واپس وزارت خزانہ کو جمع کرائے تھے، الیکشن کمیشن نے گزشتہ سال کے 10 ارب 53 کروڑ روپے دوبارہ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔