اسلام آباد : سرکاری حج اسکیم میں درخواست جمع کرانے والوں کے لئے بڑی خبر آگئی ، وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ آن لائن پورٹل آج رات 12 بجے بند کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا کہ وزارت کا آن لائن پورٹل آج رات 12 بجے بند کر دیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکیم کے تحت اب تک حج درخواستوں کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام درخواست گزار بینک سے اپنی تصویر اور بار کوڈ کے ساتھ کمپیوٹرائزڈ رسید لازمی حاصل کریں۔
مزید پڑھیں : حج درخواستیں، اسٹیٹ بینک نے خوشخبری سنادی
وزارت نے مزید کہا کہ عازمین حج اپنی رجسٹریشن اور دیگر کوائف موبائل ایپ "پاک حج 2026” کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔ ایپ کے ذریعے وزارت مذہبی امور سے ہمہ وقت رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
واضح رہے کہ سرکاری حج اسکیم میں 40 روزہ لانگ حج اور 25 روزہ شارٹ حج پیکج کی سہولت موجود ہے۔
درخواست کے ہمراہ پیکیج کے مطابق 5 لاکھ یا ساڑھے پانچ لاکھ کی پہلی قسط جمع کرانا لازمی ہے اور حج واجبات کی دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔