حکومت نے سپلیمنٹری گرانٹس پر پابندی عائد کردی

اسلام اباد: نگراں وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر سپلیمنٹری گرانٹس پر پابندی عائد کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد کے لیے نگراں حکومت سپلیمنٹری گرانٹس جاری نہیں کرے گی۔

دستاویز کے مطابق سپلیمنٹری گرانٹس دینے کا اختیار اب نئی منتخب حکومت کو ہوگا، تمام وزارتوں اور محکموں کو اپنے مقررہ بجٹ تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نگراں حکومت وزارتوں، محکموں کو صرف مختص رقم ہی جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط موصول  ہوئی تھی جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے گزشتہ ہفتے اقتصادی جائزے کی منظوری دی تھی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رقم موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہوگئی، آخری اقتصادی جائزے کے بعد پاکستان کو مزید 1.1 ارب ڈالر ملیں گے۔

قبل ازیں، ذرائع نے بتایا تھا کہ آئی ایم ایف سے 70 کروڑ ڈالر کی قسط گزشتہ روز 15 جنوری کو ملنی تھی تاہم مارٹن لوتھرکنگ جونیئر کی سالگرہ پر امریکا میں چھٹی کے باعث ایک دن کی تاخیر ہوئی۔