لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب اسلم اقبال نے لفٹ پاکستان کانفرنس 2019 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی و بیرون ملک سرمایہ کاری کیلئے شفاف پالیسیاں مرتب کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب اسلم اقبال نے لفٹ پاکستان کانفرنس 2019 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نوجوان ہنرمندوں کیلئے اچھا موقع فراہم کرتا ہے۔
میاں اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پچھلے کئی سالوں میں آئی ٹی سیکٹرمیں بہت ترقی کی اور ملک نے ایز آف ڈوئنگ بزنس میں 28 درجے بہتری دکھائی۔
ان کا کہنا ہے کہ ملکی و بیرون ملک سرمایہ کاری کےلیے شفاف پالیسیاں مرتب کی ہیں حکومت گارنٹی دے رہی ہے کہ ان کا سرمایہ پاکستان میں محفوظ ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں ٹیکنالوجی کی صنعت کو نظرانداز کیا گیا، ٹیکسز کی آسان ادائیگی کیلئے موبائل ایپ بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت مضبوط ہوگی تو پاکستان بھی خوشحال اور ترقی یافتہ بنے گا۔
انہوں نے سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کا لیا ہوا قرضہ واپس کررہے ہیں، مسئلہ عوام کے مسترد کردہ سیاست دانوں کا ہے۔
میاں اسلم اقبال نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مولانا نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، مولانا کا کوئی ایجنڈا نہیں عوام آزادی مارچ کو مسترد کرچکے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بیٹھنا چاہتے ہیں تو بیٹھ جائیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما میاں محمد نواز شریف کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک نواز شریف کو صحت و تندرستی دے۔
زبانی جمع خرچ نہیں اب عملی کام کرنے کا وقت ہے، میاں اسلم اقبال
اس سے قبل صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول میکنزم مستحکم بنا کرمصنوعی مہنگائی روکیں گے، زبانی جمع خرچ نہیں اب عملی کام کرنے کا وقت ہے۔