لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرونا کے خلاف وزیراعظم کی قیادت میں حکومتی اقدامات مثالی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹینٹ جنرل محمد افضل نے ملاقات کی جس میں کرونا سے بچاؤ کے لیے حکومتی اقدامات کی فراہمی پر بات چیت کی۔
گورنر پنجاب نے کرونا کے خلاف این ڈی ایم اے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز سمیت 13 لاکھ افراد میں میڈیکل کٹس اور دیگرسامان تقسیم کیا،جیلوں میں قیدیوں اور عملے کو کرونا کا حفاظتی سامان دیا۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومتی اقدامات مثالی ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان میں کرونا کے حوالے سے صورت حال بہتری کی طرف جا رہی ہے، شرح اموات اور وینٹی لیٹر پر موجود افراد کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔
لیفٹینٹ جنرل محمدافضل کا کہنا تھا کہ عید پر بھی کرونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے اچھے نتائج آنا شروع ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا کی تشخیص کے لیے 16 لاکھ ٹیسٹ، 2 لاکھ 53 ہزار مثبت
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 53 ہزار 604 ہو گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک ہے۔