وفاقی حکومت نے قومی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے گرین سگنل دیدیا

وفاقی حکومت نے قومی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے گرین سگنل دیدیا

اسلام آباد(25 اگست 2025): وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کوپرو ہاکی لیگ میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے 250 ملین روپے کی گرانٹ بھی منظور کرلی ہے۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کو دی گئی ڈیڈ لائن آج ختم ہورہی تھی جس کے بعد قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی۔

سیکرٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے کہا کہ پرو لیگ میں شرکت کے لیے مجموعی طور پر 35 کروڑ روپے درکار ہیں، وفاقی حکومت نے پرو ہاکی لیگ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کو فنڈنگ کی حامی بھرتے ہوئے 250 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری دی۔

100ملین کی گرانٹ پی ایچ ایف خود اکٹھا کرے گی، پرولیگ میں شرکت کے حوالے سے آج  آخری دن ہے، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی پاکستان کو دی گئی ڈیڈ لائن آج ختم ہوگی۔

کمیٹی ممبران شہلا رضا اور مہرین رزاق بھٹو نے ہاکی فیڈریشن کی کارکردگی اور آئینی معاملات پر سوالات اٹھائے، شہلا رضا نے کہا کہ پی ایچ ایف کے سیکرٹری جنرل کی تعیناتی غیر آئینی ہے جبکہ پاکستان میرٹ پر کوالیفائی نہیں کر پایا اور نیوزی لینڈ کے دستبردار ہونے پر موقع ملا ہے۔

سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے کمیٹی کو بتایا کہ پرو لیگ دنیا کا ایک بڑا ایونٹ ہے جس میں دنیا کی 10 بہترین ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، پاکستان کی شرکت ناگزیر ہے۔