اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومتی شخصیات لاوارث اور بے گھر افراد کا خاص خیال رکھیں، نادر اور مستحق افراد کو کھانا اور رہائش فراہم کریں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا اسٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں شفقت محمود، بابراعوان، اسد عمر، مراد سعید، معاون خصوصی معید یوسف، شہزاد اکبر اور فیصل جاوید نے شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان کو 2020 پر حکومتی وژن پر تجاویز اور عوامی ریلیف کے لیے فلاحی اقدامات کی تفصیل بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے رواں ماہ جنوری میں جامع پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرد موسم کے پیش نظر پناہ گاہ سے متعلق اہم ہدایات دیں۔
اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ حکومتی شخصیات لاوارث اور بے گھر افراد کا خاص خیال رکھیں، نادر اور مستحق افراد کو کھانا اور رہائش فراہم کریں۔
شدید سردی میں کوئی بھی شخص بغیر شیلٹر کے نہ رہے، وزیراعظم
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ شدید سردی میں کوئی بھی شخص بغیر شیلٹر کے نہ رہے، پنجاب، کے پی کے وزرائے اعلیٰ اس بات کو یقینی بنائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا تھا کہ جو افراد پناہ گاہوں میں نہیں انتظامیہ ان کو کھانا،عارضی پناہ گاہیں دے۔