اسلام آباد میں آج پاک فوج کے تعاون سے قومی آئی ٹی سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ملکی آئی ٹی برآمدات کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا اور اس شعبے میں بہتری لانا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سیمینارکا بنیادی مقصد پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کی استعداد اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے، آئی ٹی شعبے میں انقلاب ملکی معیشت کے دیگر شعبوں میں بھی ترقی کا باعث بنے گا۔
سیمینار کا انعقاد اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے زیرِاہتمام معاشی ترقی کے بحالی منصوبے کی ایک کڑی ہے۔
سرینا ہوٹل میں ہونے والا سیمینار وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، سیمینار میں وزیراعظم، آرمی چیف، وفاقی وزرا اور صوبائی وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔
گورنراسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر، خلیجی ممالک، چین اور یورپی یونین کے سفارتکاروں کی شرکت بھی متوقع ہے، سیمینارمیں مختلف کاروباری شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔