گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پنجاب کی طرح سندھ میں بھی عوام کو ریلیف دیا جائے اور بجلی بلوں میں فی یونٹ 14 روپے کمی کی جائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے بجٹ سے عوام کے لیے 14 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت کم کی ہے۔ مریم نواز کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں۔ ان کی نیت ٹھیک تھی تب ہی بجٹ سے کٹوتی کر کے عوام کو ریلیف دیا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ جب پنجاب اپنے بجٹ سے پیسے نکال کر ریلیف دے سکتا ہے، تو سندھ کیوں نہیں۔ اگر سندھ میں بجلی کی قیمت کم نہ کی گئی تو عوام میں احساس محرومی پیدا ہوگا۔ میں وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ رہا ہوں کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ مختص کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اچھے کام کی تعریف اور غلط کام پر تنقید کرنا چاہیے۔ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں اچھا کام کیا لیکن اسے صحیح طریقے سے نہیں دکھایا گیا۔
گورنر سندھ نے صوبے میں حالیہ بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ سکھر اور اطراف کے علاقوں میں شدید بارشوں سے لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے گورنر ہاؤس میں سیل قائم کر دیا گیا ہے جب کہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے بھی بات ہوئی ہے۔ اگر پی ڈی ایم اے صورتحال پر قابو نہ پا سکی تو این ڈی ایم اے کنٹرول سنبھالے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بارشوں کے نتیجے میں جلد تباہ حال علاقوں کا دورہ کریں گے جب کہ این ڈی ایم اے کو بھی کہا ہے جہاں راشن یا دیگر ریلیف کی ضرورت ہے تو بتائیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں جشن آزادی کے پروگرام میں لاکھوں عوام نے شرکت کی۔ 13 اور 14 اگست کے پروگرامز میں ایک روپیہ بھی سندھ حکومت یا گورنر ہاؤس کا نہیں تھا۔ اب 6 ستمبر کو گورنر ہاؤس میں ہی شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلیے پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ 14 روپے بجلی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔