’گورنر سندھ مستعفی ہو کر الیکشن لڑیں مقبولیت کا پتا چل جائے گا‘

افواج پاکستان سے مئی میں پنگا نہ لینا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے حالیہ بیان پر ترجمان سندھ حکومت سمعتا افضال نے اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

سمعتا افضال نے اپنے بیان میں کہا کہ مسترد شدہ جماعت کے مسلط گورنر کسی جماعت کے نہیں بلکہ وفاق کا نمائندہ بنیں، سب کو پتا ہے کراچی کی تباہی و بربادی کی ذمہ دار کون سی جماعت ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ گورنر سندھ کو اگر عوامی نمائندگی کا دعویٰ ہے تو مستعفی ہو کر الیکشن لڑیں مقبولیت کا پتا چل جائے گا، کامران ٹیسوری آئینی حدود سے تجاوز کرنے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا کام غیر جانبدار رہتے ہوئے صوبے اور وفاق میں رابطے کا کردار ادا کرنا ہے، آپ کا کام مخصوص جماعت کی نمائندگی کرتے ہوئے سیاسی بیانات دینا نہیں ہے، کراچی کو جرائم کا گڑھ کہنے والے بتائیں بوری بند لاشوں اور ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار کون تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر کراچی میں امن قائم کیا، کراچی امن کا گہوراہ بن چکا ہے گورنر سندھ نچلے درجے کی لسانی سیاست پر اتر آئے ہیں۔

’گورنر کو چاہیے زمینی حقائق تسلیم کریں اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کریں۔ گیس اور بجلی کی قلت جیسے مسائل صوبائی نہیں وفاق کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ لوڈشیڈنگ، گیس اور انفرااسٹرکچر کے مسائل وفاق کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہیں۔ کامران ٹیسوری کو صوبائی حکومت پر تنقید کے بجائے وفاق سے اُس کا حق دلوانے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔‘