پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی مخالفت کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ کا دورہ کیا اور اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق حکومت نے پیپلزپارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹی پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ امن و امان سے متعلق صوبائی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہونا چاہیے، سیکیورٹی پر اے پی سی بلائی جائے، اسمبلی میں ان کیمرہ سیشن ہونا چاہیے۔
فیصل کریم کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد امن و امان صوبے کا کام ہے، وزیراعلیٰ نے امن و امان کے قیام کے لیے ابھی تک کیا اقدامات اٹھائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر نے ہمیشہ پشاور کا امن خراب کرنے کی کوشش کی، ہم امن و امان کے لیے مل کر کام کریں گے۔
گورنر کے پی نے علی امین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہتک وہاں ہوتی ہے جہاں عزت ہو، اگر وزیر اعلیٰ نے نوٹس بھجوایا ہے تو پھر ان کی عزت ہوگی، سنا ہے کہ صوبائی حکومت بہت کمائی کررہی ہے، جو جس طرح سوال کرے گا اسے ویسا ہی جواب ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے پاس دکھانے کے لیے کچھ نہیں ہے، وزیر اعلیٰ کے بیانات پر خاموشی اختیار نہیں کروں گا۔