پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے بھی صوبے میں 8 اکتوبر کو انتخاب کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ کے پی میں الیکشن 8 اکتوبر کو کرائے جائیں۔
گورنر نے اپنے خط میں کہا کہ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، پندرہ مارچ کو جنوبی وزیرستان، 19 مارچ کو خیبر، 22 مارچ کی شب ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے میں 3 جوان شہید ہوئے۔
گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے لکھا کہ وزیرستان میں 21 مارچ کو دہشت گردوں کے حملے میں بریگیڈیئر مصطفی شہید جبکہ سات جوان زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے انتخابات ملتوی کردیئےتھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 30 اپریل کو پنجاب میں شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 2018(3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 58 اور 8 سی کے تحت انتخابات ملتوی کیے گئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ تمام اداروں نے الیکشن ملتوی کرنے کی سفارش کی تھی، موجودہ صورتحال میں صاف اور شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں۔
پنجاب اسمبلی کے الیکشن ملتوی ہونے پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اختیار ہی نہیں کہ آئین کی خلاف ورزی کرے، چیف الیکشن کمشنر اور ارکان الیکشن کمیشن آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے ہیں، فیصلہ ناقابل قبول ہے عدلیہ اور عوام آئین کا تحفظ کریں۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال بھی ایک سماعت کے دوران واضح کرچکے ہیں کہ اگر شفاف انتخابات میں بدنیتی ہوگی تو سپریم کورٹ مداخلت کرے گی۔