ایران اور امریکا کی جنگ میں دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا: گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ اس وقت خطے میں امن کے لیے کوشش کی ضرورت ہے، ایران اور امریکا کی جنگ ہوئی تو دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، سیاسی جماعتوں کو ملکی صورتحال پر چٹان کی طرح جمع ہونا ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے واضح کہا ہے ہم کسی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت خطے میں امن کے لیے کوشش کی ضرورت ہے، دہشت گردی عراق کی جنگ کے بعد بڑھی ہے۔ ایران اور امریکا کی جنگ ہوئی تو دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اسکاؤٹس بہت ترقی کریں گے، اسکاؤٹس کو اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں لے کر جائیں گے، میں سمجھتا ہوں کہ اسکاؤٹس قائد اعظم کی تحریک ہے، یہ آرگنائزیشن غیر سیاسی ہے ان میں کبھی سیاست نہیں ہونے دیں گے۔

اس سے قبل ایک موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی بہتر ہونے سے ہمارا تاثر عالمی سطح پر بہتر ہوا۔ ہمیں عالمی سطح پر سیاحت کے لیے نمبر ایک ملک قرار دیا گیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ قائد اعظم کا دو قومی نظریہ اب سچ ثابت ہوگیا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اکثریت کے برابر ہیں۔ متنازعہ قانون کے بعد ثابت ہوا انتہا پسندی پاکستان میں نہیں بھارت میں ہے۔