لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک کی دھمکی سے خوف زدہ ہونے والے نہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر غلام سرور خان اور صوبائی وزیر اسلم بھروانہ نے ملاقات کی، چوہدری سرور نے کہا کہ اپوزیشن کا جھگڑا صرف احتساب کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیے ہے۔
گور نر ہاؤس میں ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، گورنر کا کہنا تھا کہ احتجاجی تحر یک کی دھمکی سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت آئینی مدت پوری کرے گی، پیسا کمانے کا شو ق رکھنے والوں کو سیاست نہیں کاروبار کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کا عید کے بعد سڑکوں پرحکومت مخالف تحریک چلانےکااعلان
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسوں سے ملکی حالات یہاں تک پہنچے، پارٹی میں کسی قسم کی کوئی تفریق یا گروپ بندی نہیں، پنجاب حکومت بلدیاتی اداروں کے ذریعے اختیارات منتقل کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے عید کے بعد سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
یاد رہے چند روز قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت مخالف تحریک چلانے کا عندیہ دیا تھا ، تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ تحریک کب شروع کی جائے گی۔