کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کو 14 اگست کے جشن سے تبدیل کریں گے۔
گورنر سندھ کی زیرِ صدارت 14 اگست کو ہونے والی ریلی کے انتظامات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں کمشنر کراچی اقبال میمن، ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور پولیس افسران کی شرکت کی۔ اجلاس میں ریلی کی سکیورٹی کے انتظامات اور اختتام پر ثقافتی پروگرام پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنی فیملی کے ساتھ شریک ہوں، ہمیں بھارت کے قومی ترانے کا ریکارڈ توڑنا ہے، جشن آزادی منانے کیلیے ریلی اور ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع، سالمیت اور استحکام کیلیے ہر ممکن اقدامات کریں گے، شارع فیصل سے نمائش چورنگی تک ریلی کے دوران قومی پرچم تقسیم کیے جائیں گے، قرعہ اندازی کے ذریعے کار، عمرے کے ٹکٹ، موٹر سائیکل اور لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔
گزشتہ روز گورنر سندھ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت میں 90 ہزار لوگوں نے ترانہ پڑھا اور ہم 14 اگست کو اس کا ریکارڈ توڑ یں گے، عوام بڑی تعداد میں یوم آزادی پر مزار قائد پر جمع ہوں گے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ آئی ٹی ٹیسٹ میں رہ جانے والوں کے لیے 14 اگست کو بڑی خوشخبری کا اعلان کروں گا، مڈل کلاس طبقے کیلیے تندور پروگرام کا آغاز آئندہ ہفتے ہوگا۔
’کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے تو یہاں روزگار کیوں نہیں؟ کراچی میں سہولتوں کا فقدان کیوں ہے۔ جو حقوق ہیں وہ آپ نے خود حاصل کرنے ہیں۔ کراچی کا اصل چہرہ قلم ہے۔ یہی قلم ملک میں طاقت کا توازن پیدا کرے گا۔‘