کراچی (12 اگست 2025): گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہر قائد میں چلنے والے ڈمپر خونی ہیں جو دہشتگردی کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گزشتہ دنوں ٹریفک حادثے میں جاں بحق بہن بھائی کے گھر نیو کراچی پہنچ کر اہلخانہ سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے کے زخمی کا کراچی کے سب سے بڑے اسپتال میں علاج کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر خونی ڈمپر دہشتگردی کر رہے ہیں۔ شہر قائد میں تواتر سے ایسے واقعات ہو رہے ہیں، لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ابھی جن والدین سے مل کر آ رہا ہوں، ان کی بیٹی کی ایک ماہ بعد شادی تھی۔ جاں بحق ہونے والے شاہ رخ کی ماں اس کے بغیر سوتی نہ تھی۔ اس حاثے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کے پاس لائسنس نہیں تھا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ حادثات کے بعد گاڑیوں کو نہیں جلانا چاہیے۔ یہاں سے لسانی فساد شروع ہوتا ہے، یہ قانون کا کام ہے۔ حادثات کو لسانیت کا رنگ دیا جا رہا ہے۔ یہ لسانیت نہیں بلکہ کھلی دہشتگردی ہے اور سیدھا سیدھا 16 وہیلر کا مقابلہ 2 وہیلر سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوگا کہ دو پہیوں والے کو 16 پہیے والا کچل دے اور پھر بدمعاشی دکھائے۔ کسی کا باپ ہمیں نہ بتائے کہ بدمعاشی کیا ہوتی ہے۔ ہمیں کسی نے ٹھیک نہیں کیا ہم خود ٹھیک ہوئے ہیں۔ ہم ایسی قانون سازی کریں گے کہ کوئی موٹر سائیکل سوار نہ کچلا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا کہ جو بھی قانون سازی کرنا ہے، اس پر ساتھ ہیں۔ میں ٹریلر ایسوسی ایشن کے ساتھ بیٹھ کر بت کرنے کو بھی تیار ہوں اور ڈمپرایسوسی ایشن کو بھی مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں۔ یہ جو عوام کو مار کر بھاگ جاتے ہیں اس پر کوئی تو ایس اوپیز بنائیں۔
گورنر سندھ نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ میری تقریروں اور باتوں کا جواب نہ دیں بلکہ کام کریں۔ وہ کام کریں گے تو ہم سراہیں گے۔
https://urdu.arynews.tv/karachi-heavy-traffic-accident-168-citizens-killed/