کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے باکسر محمد وسیم کی اپیل پر نوٹس لے لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اٹلی کے سفارتخانے کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ باکسر محمد وسیم کا ویزا دیا جائے۔
باکسر محمد وسیم کی گورنر ہاؤس آمد ہوئی اور انہوں نے کامران ٹیسوری کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ کئی دنوں سے پریشان تھا مجبوراً ویڈیو پیغام میں اپیل کی۔
باکسر محمد وسیم 4 اکتوبر کومالٹا میں ڈبلیو بی ایف انٹر ورلڈ ٹائٹل کے مقابلے میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل محمد وسیم نے بتایا تھا کہ میرا پاسپورٹ ڈنمارک کے سفارتخانے نے 40 دن تک پاس رکھا، ڈنمارک سفارتخانے نے ویزا درخواست مسترد کرکے پاسپورٹ واپس کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بطورکھلاڑی ملک کا احترام کیا، عالمی مقابلوں میں پاکستانی پرچم بلند کیا، ویزے سے انکار کی وجہ سے عالمی اعزازات سے محروم ہونا افسوسناک ہے۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ حکومت، وزیراعظم اور آرمی چیف نوٹس لے کر ویزا دلوانے میں مدد کریں، ورلڈ ٹائٹل فائٹ میرے لیے اہم ہے، موقع گنوانا نہیں چاہتا۔