گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے اپنی پریس کانفرنس میں جو کچھ کہا ہے اس پر اداروں اور وزارت داخلہ کو نوٹس لینا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پی ٹی آئی کے معطل رہنما فیصل واوڈا کی ہنگامہ خیز پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے کل جو کچھ اپنی پریس کانفرنس میں کہا ان کے پاس اس حوالے سے معلومات ہوں گی، اس پر اداروں اور وزارت داخلہ کو ایکشن لینا چاہیے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کچھ سیاست دان پاکستان میں ہر چیز کو سیاست کی نذر کر رہے ہیں، یہ وقت سیاست کا نہیں ہے، پاکستان کے اندرونی اور بیرونی معاملات کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے، ارشد شریف کی میت پر سیاست یا اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ فوری فیصل واوڈا سے رابطہ کرکے معلومات لیں اور ایکشن لیں، فاروق ستار کو سب جانتے ہیں، انکی واپسی سیاسی معاملہ ہے اور اس حوالے سے فیصلہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور خالد مقبول کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے گزشتہ شب کراچی میں ہنگامہ خیز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، آنے والے چند دنوں میں نام دے دوں گا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کو دبئی سے کینیا بھجوانے والا کوئی عام آدمی نہیں ہے انہیں کینیا ہی کیوں بھجوایا گیا سازش کرنے والوں کے پیچھے وہ لوگ ہیں جو لوگوں کو مروانا چاہتے ہیں لانگ مارچ میں بھی بے گناہ اور خاص لوگوں کا خون دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا اور واپس آنے کیلئے تیار تھا وہ اپنے مقصد کو ایمانداری سے نبھا رہا تھا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں۔
اس پریس کانفرنس کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔