کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات جائز ہیں، مسائل ہوتے رہتے ہیں جنہیں حل بھی کرلیا جاتا ہے، ایم کیو ایم پاکستان حکومت کی اتحادی جماعت ہے اور رہے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بھی خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ خالد مقبول صدیقی نے احسن طریقے سے بات سنی، وزیراعظم اور وفاقی حکومت اتحادی جماعتوں کو بھائی سمجھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: خالد مقبول صدیقی کا وزارت چھوڑنے کا اعلان، ایم کیوایم حکومت کا حصہ رہے گی
فیصل واوڈا نے کہا کہ ایم کیو ایم کے جائز مطالبات ہیں، کراچی سمیت ملک کے مسائل کے حل کے لیے تعاون جاری رہے گا، ایم کیو ایم سمیت کسی اتحادی کو جانے نہیں دیں گے، کراچی کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے بھی کراچی کے لیے کام کررہی ہے، اب مزید تیزی سے کے ساتھ کام کرے گی، وقت آگیا ایم کیو ایم، پی ٹی آئی کراچی منصوبوں پر عملدرآمد کریں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی کراچی کو اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے احتجاجاً وزارت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ میرا کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے تاہم حکومت سے تعاون مسلسل جاری رہے گا۔