گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بانی دعوت اسلامی مولانا الیاس قادری کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش کی ہے اور اس حوالے سے سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بانی دعوت اسلامی مولانا الیاس قادری کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش کی ہے اور اس حوالے سے انہوں نے سمری پر دستخط بھی کر دیے ہیں۔
گورنر سندھ نے سمری پر دستخط کرنے کے موقع پر اپنے جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مولانا الیاس قادری کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش میرے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے میں نے سمری دستخط کرکے صدر مملکت کو ارسال کر دی ہے۔
کامران ٹیسوری کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ایسا ستارہ امتیاز ہوگا کہ جب یہ مولانا الیاس قادری کو مل رہا ہوگا تو پوری قوم اس پر فخر محسوس کرے گی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے اس نیک مقصد میں کامیاب کرے۔
واضح رہے کہ قرآن وسنت کی عالمگیر تحریک دعوت اسلامی کی بنیاد مولانا الیاس قادری نے 1982 میں ڈالی گئی تھی اور آج یہ دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں قرآن وسنت کا پیغام عام اور دین کی تبلیغ میں مصروف ہے۔ اب تک ہزاروں غیر مسلم ان کے ہاتھوں کلمہ پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے ہیں۔
دعوت اسلامی صرف دین کی تبلیغ ہی نہیں بلکہ سماجی خدمات میں بھی مصروف ہے اور سماجی بہبود کے کئی ادارے اس کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔