اسلام آباد : حکومت نے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو 15 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 3 لاکھ روپے فی کس امداد دینے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو 15 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 3،3 لاکھ روپے فی کس امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
Pakistan Railways announced 1.5 million PKR in compensation to families of departed soul in Khi Accident and 3 lac for injured ones.
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) November 3, 2016
خواجہ سعدرفیق کا کہنا ہے کہ حادثہ کی ابتدائی تحقیقات 72 گھنٹے اور تفصیلی تحقیقات 10 روز میں مکمل کرلی جائیں گی، ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور تاحال لا پتہ ہیں، ریڈ سگنل پر رکنے کی بجائے زکریا ایکسپریس کے ڈرائیور نے پہلے سے کھڑی فرید ایکسپریس کو ہٹ کیا، ڈرائیور تجربہ کار تھا سگنل کیوں نظر انداز کیے گیے جلد معلوم ہو جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ٹرین حادثہ پر دل رنج و الم میں ڈوب گیا ہے، ہم غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، کچھ غیر ذمہ دار اہلکاروں کی غفلت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور محکمہ کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا عمران خان کچھ سکون لیں اور لوگوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے دیں، عمران اینڈ کمپنی اور پنڈی کا جوکر دھرنے دینگے تو کیس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں : کراچی: 2 مسافر ٹرینوں میں خوفناک تصادم ، 18 افراد جاں بحق
یاد رہے آج صبح کراچی میں لانڈھی کے علاقے قذافی ٹاؤن کے قریب فرید ایکسپریس اور زکریا ایکسپریس آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے باعث 18 افرادجاں بحق جبکہ 45 افراد زخمی ہوئے، زخمی اور جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ فرید ایکسپریس کا انجن تباہ ہوا۔