حکومت کا کے پی ٹی چارجز 50 فیصد کم کرنے کا اعلان

حکومت نے کے پی ٹی پر ڈرائی بلک ایکسپورٹ کارگو کے پورٹ چارجز میں 50 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔

وزیر برائے سمندری امور جنید انوار چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تاجروں کو سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویرفیج چارجز میں بھی 50 فیصد کمی نافذ کردی گئی ہے۔

جنید انوار چوہدری کا کہنا ہے کہ اسٹوریج چارجز میں 50 فیصد کمی کا فوری اطلاق ہوگا، 5 فیصد سالانہ اضافے کا اطلاق مؤخر کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات کو فروغ ملے گا، کاروباری اخراجات میں کمی ہوگی۔

وزیر برائے سمندری امور نے کہا کہ یہ تبدیلیاں بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، پائیداری بڑھانے اور اسمارٹ میری ٹائم طریقوں کی طرف منتقلی کے لیے قومی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

جنید چوہدری نے میری ٹائم سیکٹر کو عالمی ماحولیاتی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک لچکدار معیشت ماحولیاتی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ چلتی ہے۔ یہ اصلاحات ایک مستحکم، سبز اور عالمی سطح پر مسابقتی پاکستان کے وزیر اعظم کے وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔