چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ حکومت توجہ ہٹانے کیلئے پی ٹی آئی پر پابندی کی باتیں کررہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان اور اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجمان پی ٹی آئی پر فارن فنڈنگ میں پابندی کی بات کر رہے ہیں، شاید حکومتی ترجمان کو پتہ نہیں ایک ہی فارن فنڈنگ کیس زیرالتوا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس وقت فارن فنڈنگ کا ایک ہی کیس مسلم لیگ ن کا زیرالتوا ہے، الیکشن کمیشن میں ن لیگ کا فارن فنڈنگ کا کیس آج بھی زیرالتوا ہے، مسلم لیگ ن کی جانب سے ابھی تک کیس میں کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔
آج کے اعلان سے ثابت ہوگیا پی ڈی ایم حکومت بلا نشان لینے کی سازش میں شامل تھی، موجودہ حکومت پی ٹی آئی سے انتخابی نشان چھیننے کی سازش میں شامل تھی۔
انھوں نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت مخصوص نشستوں سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی باتوں کی مذمت کرتے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں ان کیخلاف آرٹیکل 6 لگایا جائے جنھوں نے آئین پرعمل نہیں کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومتی بیانات توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں، سپریم کورٹ نے بھی پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت تسلیم کیا ہے۔
مخصوص نشستوں کو ہتھیانے کیلئے ایسی باتیں کی جارہی ہیں، پی ڈی ایم حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے ایسے اقدامات کررہی ہے، سائفر کے کیس کا انجام یہ دیکھ چکے ہیں، اس میں جان نہیں تھی۔