بجلی، گیس کے نرخ بڑھانے کا اختیار اداروں کے سپرد، حکومت اوگرا اور نیپرا کو خودمختار کرنے پر راضی

اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف (عالمی مالیاتی فنڈ) کی شرائط تسلیم کرتے ہوئے بجلی اور گیس مزید مہنگی کرنے کا اختیار نیپرا کے حوالے کردیا۔

ذرائع کے مطابق بجلی اور گیس کی مد میں صارفین پر 3 سال میں 340 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جائے گا۔ نیپرا کو بجلی کے نرخ کے لیے خود مختار بنانے پر حکومت رضامند ہوگئی جبکہ اوگرا کو بھی گیس کے فی یونٹ نرخ بڑھانے کا مکمل اختیار دے دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صنعتی صارفین میں صرف ایکسپورٹر کو محدود سبسڈی دی جائے گی۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ متذکرہ اقدامات آئی ایم ایف کی ایماں پر کیے گئے کیونکہ عالمی مالیاتی فنڈ نے بجلی گیس کے نرخ بڑھانے کی شرط عائد کی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے آئی ایم ایف کو ایمنسٹی اسکیم پر راضی کرلیا

یاد رہے کہ ایک روز قبل پاکستان نے ایمنسٹی اسکیم پر انٹرنیشل مانٹیری فنڈ (آئی ایم ایف) کو راضی کرلیا، اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم رواں ماہ متعارف کروائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کے دوران پاکستان نے ایمنسٹی اسکیم پر آئی ایم ایف کو راضی کرلیا، اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم سے ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا، اسکیم سے 170 ارب روپے کا ٹیکس مل سکتا ہے۔ اسکیم سے 2500 ارب روپے اثاثے قانونی بن سکتے ہیں۔