حکومت کی جانب سے اہم سرکاری ادارہ بند، ملازمین کا کیا ہوگا؟

پاک پی ڈبلیو ڈی

اسلام آباد : حکومت نے پاک پی ڈبلیو ڈی بند کرنے کے لیے حتمی پلان بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی ملازمین،ایچ آراور پی ڈبلیو ڈی کے متبادل پلان کو حتمی شکل دے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرنے کا معاملے پر کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حتمی پلان کیلئےپانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی سرکاری ادارہ کو بند کرنے کیلئےمعاملات کوحتمی شکل دے گی ، تشکیل دی گئی کمیٹی کے چیئرمین وفاقی وزیر ہاؤسنگ ہوں گے۔

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ،اسٹیبلیشمنٹ، پاوراور ہاؤسنگ کےسیکریٹریزکمیٹی ممبر ہوں گے ، کمیٹی 2 ہفتےمیں حتمی پلان وزیراعظم شہبازشریف کو پیش کرے گی۔

کمیٹی ملازمین،ایچ آراور پی ڈبلیو ڈی کے متبادل پلان کو حتمی شکل دے گی۔

مزید پڑھیں : وزیراعظم نے پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کو ختم کرنی کی ہدایت کردی

دوسری جانب حکومت کی طرف سےپاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کو بند کرنے کے فیصلے کے خلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔

یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے ناقص کارکردگی کی بنا پر پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے خاتمے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈپارٹمنٹ بطورادارہ اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا ہے۔