اسلام آباد : حکومت اپوزیشن مذاکرات کیلئے بیک ڈور رابطے ختم ہوگئے، جس کے بعد اپوزیشن نے اب پارلیمنٹ کی سطح پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت اپوزیشن مذاکرات کیلئے بیک ڈور رابطے ختم ہوگئے ، جس کے بعد حکومت اپوزیشن معرکہ آرائی اب پارلیمنٹ میں ہوگی۔
.
اپوزیشن نے اب پارلیمنٹ کی سطح پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے اپوزیشن کی حکمت عملی پر حتمی مشاورت آج ہوگی۔
حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے، جس میں حکومت اوراپوزیشن لیڈر آمنے سامنے ہوں گے جبکہ اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔
ایک 190 ملین پاؤنڈز کیس فیصلے کی بازگشت بھی ہے ، جس کے پیش نظر قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کے ہنگامہ خیز ہوں گے، قومی اسمبلی کا آج جبکہ سینیٹ اجلاس کل ہوگا۔
مزید پڑھیں : جوڈیشل کمیشن بناؤ ورنہ مذاکرات بھول جاؤ، پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کا اعلان
یاد رہے گذشتہ روز پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بناؤ ورنہ مذاکرات بھول جاؤ۔
رکن کمیٹی صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ بانی سے ملنے کے بعد مذاکرات کی تیسری نشست کے لیے تیار ہیں، اکتیس جنوری کی ڈیڈ لائن برقرار ہے، غیرجانبدار کمیشن چاہتے ہیں،جو ذمے داروں کا تعین کرے، گیند حکومت کے کورٹ میں ہے، اب انہیں پیشرفت دکھانا ہوگی۔
انھوں نے کہا پتا ہے کل کیا فیصلہ آرہا، یہ ملکی نیک نامی کا باعث نہیں ہوگا، القادر ٹرسٹ کیس میں 190 ملین پاؤنڈ بانی پی ٹی آئی کے پاس نہیں آئے، القادر ذاتی یونیورسٹی نہیں بلکہ ایک ٹرسٹ کی ہے، اگر فیصلہ بانی کے خلاف آیا تو مذاکراتی عمل میں ہمارے رویوں میں سختی آئے گی یہ فطری ہے۔