اسلام آباد : سپریم کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے پر حکومت کا ردعمل آگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کےفیصلے سے حکومت کوکوئی خطرہ نہیں۔
اعظم نذیرتارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت فیصلے پرنظرثانی اپیل دائرکرےگی یانہیں مشاورت کے بعد بتاسکتاہوں، ہمارے پاس اب بھی 209 ارکان موجودہیں۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیتے ہوئے مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو دینے کا فیصلہ غیرقانونی قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کا فیصلہ آٹھ پانچ سے سنایا، اطلاق قومی اسمبلی اورتمام صوبائی اسمبلیوں پرہوگا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف تھا، پی ٹی آئی سیاسی جماعت تھی اور رہے گی، انتخابی نشان کسی سیاسی جماعت کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکتا۔
الیکشن کمیشن نے اسی ارکان اسمبلی کی فہرست پیش کی، جس میں سے انتالیس ارکان کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا، پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کیلئے درخواستیں الیکشن کمیشن کو پندرہ دن میں جمع کرائے۔