حکومت کا سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظر ثانی کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا قوانین سے متعلق اجلاس طلب کیا جو کچھ دیر میں‌ شروع ہوگا، اجلاس میں وزارتِ اطلاعات اور محکمہ داخلہ کے حکام بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزارت قانون، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے حکام بھی شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کردیا، ایس آر او جاری

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حال ہی میں بنائے جانے والے سوشل میڈیا قوانین پر آنے والے ردعمل کا جائزہ لیا جائے گا اور مجوزہ قوانین کےآزادی اظہار پر پڑنے والے اثرات پر بھی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سوشل میڈیا قوانین کے فوائد اور نقصانات کا جائزہ بھی لیا جائے گا، جس کے بعد مستقبل کے حوالے سے کوئی اہم فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل اے آر وائی نیوز کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اسے ریگولائز کرنا بہت ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توہین آمیز مواد کی روک تھام، حکومت کا سوشل میڈیا کمپنیز سے معاہدہ طے

اُن کا کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا کی مختلف کمپنیاں ہمارے قوانین کی خلاف ورزی اور اس کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہیں، میں بتانا چاہتا ہوں کہ ریگولیٹ کرنے سے فائدہ ہوگا اور جو شخص قانون کی خلاف ورزی کرے گا یا سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرے گا اُسے قانون کی گرفت میں لانا آسان ہوگا‘۔