آپریشن کے دوران ڈاکٹروں کی بڑی غفلت، 3 ماہ بعد بھیانک انکشاف، مریض کی زندگی کو خطرہ

صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث دورانِ آپریشن مریض کے پیٹ میں قینچی رہ گئی۔

تفصیلات کے مطابق 3 ماہ قبل مریض کے پیٹ میں دوران آپریشن قینچی رہ گئی تھی جس کا انکشاف ایکسرے کے ذریعے اب ہوا۔ نواحی گاؤں نائچ کے رہائشی غلام شبیر کو 3ماہ قبل پیٹ میں تکلیف ہوئی تھی جس کی وجہ سے آپریشن کیا گیا، ڈاکٹروں نے سرجری تو کرلی لیکن غلطی سے قینچی پیٹ میں ہی بھول گئے۔

اہل خانہ نے بتایا کہ لاڑکانہ کے چانڈکا اسپتال میں مریض کا آپریشن کیا گیا تھا، مریض کے پیٹ میں قینچی چھوڑ کر اوپر سے ٹانکے لگا دیے گئے۔

مریض کے رشتے داروں نے چانڈکا اسپتال انتظامیہ کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج بھی کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ آپریشن کے بعد3 ماہ سے مریض پیٹ کے درد میں مبتلا رہا، دوبارہ ایکسرے کے بعد پتا چلا مریض کے پیٹ میں قینچی ہے۔

ورثا کے احتجاج کے بعد چانڈکا اسپتال انتظامیہ نے دوبارہ مریض کو داخل کردیا۔ اہل خانہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مریض کی زندگی خطرے میں ہے۔