کاروباری افراد کے لیے بڑی خوشخبری

کراچی (22 جولائی 2025): کاروباری افراد کے لیے بڑی خبر ہے کہ ان کی سہولت کے لیے سندھ میں بزنس ون اسٹاپ شاپ متعارف کرا دی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں آن لائن بزنس رجسٹریشن پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ اس پورٹل سے بیورو کریسی کی کاروبار سے متعلق پیچیدگیاں ختم ہوں گی اور تاجر برادری کو سہولتیں ملیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ عوام کی سہولت کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ ایس بوس کو آج سرکاری طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور اس کا باضابطہ آغاز بزنس میں آسانی کا نیا باپ ہے۔

مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ تاجر برادری کو سہولتوں کی فراہمی سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔ سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ پلیٹ فارم گورننس میں انقلابی قدم ہے۔ اس کے ذریعہ بیورو کریسی کی پیچیدگیاں ختم ہوں گی اور معاشی ترقی میں جدت آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ سندھ میں ریگولیٹری نظام کو ڈیجیٹل اور آسان بنا دیا گیا ہے۔ ایس بوس صرف نظام نہیں بلکہ مکمل ڈیجیٹل انقلاب ہے۔ یہ ون ونڈو نظام ہے، جو گورننس اسٹرکچر میں بنیادی اصلاحات کی نمائندگی کرتا ہے اور سندھ نے سب سے پہلے متعارف کرا کے دیگر صوبوں پر برتری حاصل کر لی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایس بوس کے تحت 32 ای لائسنسنگ سروسز کا کامیاب آغاز کر رہے ہیں۔ 9 محکموں کی خدمات اب ای لائسنسنگ کے ذریعہ کی جائیں گی۔ ایس بوس سے بزنس پیپر لیس اور مکمل طور پر شفاف ہوگا۔ ایس بوس کو نادرا، ایس ای سی پی، ون لنک اور پی ایم ڈی سے بھی مربوط کیا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے یہ بھی بتایا کہ ایس بوس ہر طرح کے کاروبار کیلیے آسان، قابل اعتماد اور منصفانہ رسائی کا ضامن ہے اور نجی شعبہ کے لیے بھی قابل اعتماد پلیٹ فارم ہے۔ اس نظام کے ذریعہ بروقت شناخت کی تصدیق اور محفوظ ای ادائیگیاں آسانی سے انجام پا سکیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے بزنس فیسلی ٹیشن سینٹرز اور 24 گھنٹے ہیلپ ڈیسک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہیں۔ نجی سرمایہ کاروںکو ایس بوس میں شراکت کی دعوت دیتا ہوں۔ وہ اس پلیٹ فارم کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز دیں۔