اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے وزیراعظم آج سوہنی دھرتی ریمی ٹینس پروگرام کا اجرا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک اور زبردست اقدام ہے، وزیراعظم آج سوہنی دھرتی ریمی ٹینس پروگرام کا اجرا کرنے جارہے ہیں۔
اورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک اور زبردست اقدام! وزیراعظم عمران خان آج سوہنی دھرتی ریمی ٹینس پروگرام کا اجراء کریں گے، اس پروگرام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اب قانونی چینلز کے ذریعے پاکستان بھیجی جانے والی ہر ترسیل پر انعامی پوائنٹس کے بدلے ڈھیروں سہولیات حاصل کر سکیں گے pic.twitter.com/8WpABqNXlW
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) November 25, 2021
انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک سے ہر قانونی ترسیل زر پر انعامی پوائنٹس سے ڈھیروں سہولتیں ملیں گی۔
خیال رہے کہ موجودہ حکومت اوور سیز پاکستانیوں کے حقوق کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، حالیہ دنوں الیکشن میں ووٹ ڈالنے کا حق بھی دلوایا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت ہیں اور جب وہ اربوں کا زرمبادلہ بھیج سکتے ہیں تو ووٹ کیوں نہیں، جمہوریت جب مضبوط ہوتی جب ہر شہری کو ووٹ کا حق دیا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر موجودہ حکومت نے تاریخ رقم کی ہے۔