کراچی: اے آر وائی نیوز کی خبر کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے بڑی سہولت فراہم کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کی سہولت کے لیے ایک اہم قدم اٹھا لیا، جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بین الاقوامی میعار کے ٹینسا بیرئیر لگا دیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق بیرون ملک جانے والے مسافروں کو امیگریشن کے لیے اب لمبی قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا، نئے ٹینسا بیرئیر لگنے سے امیگریشن کی لائن میں کوئی دوسرا مسافر بغیر لائن کے دا خل نہیں ہو سکے گا۔
ایف آئی اے عملے کی کمی، کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا
ائیر پورٹ مینجر عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی ائیر پورٹ پر مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کی وجہ سے امیگریشن کاؤنٹر پر لمبی قطاریں لگ جاتی تھی، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہتا تھا، امیگریشن ایریا میں بیرئیر سی اے اے نے اپنی مدد آپ کے تحت لگائے ہیں۔
مینجر عمران کا کہنا تھا کہ سی اے اے نے بیرئیر پر لاکھوں روپے کی بچت کی ہے، ان بیرئیر کا مقصد امیگریشن کے عمل کو سہل بنانا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دسمبر میں اے آر وائی نیوز نے کراچی ایئرپورٹ کے امیگریشن کاؤنٹر پر مسافروں کے رش کی خبر چلائی تھی، جس کے بعد امیگریشن کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ بھی کیا گیا تھا، تاہم رش کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا تھا۔