یونان کشتی حادثہ : گرفتار ایجنٹ کے 23 سالہ بیٹے کا بھی لاپتہ ہونے کا انکشاف

یونان کشتی حادثہ

کوٹلی: یونان کشتی سانحے کی تحقیقات میں گرفتار ایجنٹ کے 23 سالہ بیٹے کا بھی حادثے میں لاپتہ ہونے کا انکشاف ہوا، ایجنٹ نے بتایا ذولقرنین نامی ساتھی ایجنٹ کے ذریعے بیٹے کو بھیجا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کی انسانی اسمگلرز کیخلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہے، یونان کشتی سانحہ سے متعلق تحقیقات کے دوران گرفتار دس ایجنٹ میں ایک ایسا ایجنٹ بھی جس کا اپنا بیٹا بھی کشتی حادثہ کا شکار ہوا اور تاحال لاپتہ ہے۔

نصر اللہ نامی ایجنٹ نے بتایا کہ ذولقرنین نامی ساتھی ایجنٹ کے ذریعے اپنے بیٹے کو بھیجا، معلوم نہیں تھا کہ یہ طریقہ غیر قانونی ہے، گرفتار ایجنٹ لوگوں سے کہوں گا غیر قانونی طریقہ نہ اپنائیں۔

دوسری جانب کوٹلی کھوئی رٹہ تھانے کے ایس ایچ او سہیل یوسف نے بتایا ہے کہ لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ بھیجنے والے نیٹ ورک کے دس افراد کو گرفتارکرلیا ہےاور دوران تفتیش کچھ مزید نام بھی سامنےآئے ہیں، ان کی گرفتاری بھی ہوگی۔

سہیل یوسف کا کہنا تھا کہ کچھ ملزمان لیبیا سے آپریٹ کر رہے ہیں، ان کے کوائف بھی حاصل کرلیے گئے ہیں، تفتیش جلد مکمل کر لی جائے گی۔

اس سے قبل ڈی آئی جی میرپور آزاد کشمیر ڈاکٹرخالد چوہان کا کہنا تھا کہ گرفتار ایک ایجنٹ کا بیٹا بھی کشتی حادثے میں جاں بحق ہوا ہے، مختلف علاقوں سے دس ملزمان کو پکڑلیا ہے۔