ایتھنز میں میچ سے قبل تماشائیوں میں خوفناک تصادم، یونانی فٹبال فین چاقو لگنے سے ہلاک

ایتھنز: یونان میں فٹ بال میچ سے قبل تماشائیوں میں خوف ناک تصادم ہوا، ایک دوسرے پر چاقوؤں اور لاٹھیوں سے حملوں میں 29 سالہ نوجوان ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں دو فٹبال ٹیموں ’اے ای کے ایتھنز‘ اور ’کروشین کلب ڈینامو زغرب‘ کے حامیوں کے درمیان تصادم کے دوران ایک یونانی فٹ بال پرستار کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

پولیس نے کہا کہ پرتشدد جھڑپوں کے بعد 98 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس حکام کے مطابق تصادم میں 3 یونانی اور 5 کروشین شائقین زخمی ہوئے۔

لڑائی کی وجہ سے یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی نے چیمپئنز لیگ کے تیسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پہلے مرحلے کا میچ ملتوی کر دیا، جو منگل کو یونان کے دارالحکومت میں کھیلا جانا تھا۔ یہ میچ اب 18 یا 19 اگست کو کھیلا جائے گا۔

یونان کی فٹ بال ٹیم نے ایک بیان میں پرستار کا قتل باقاعدہ پیشہ ور قاتلوں کی کارروائی قرار دیا، اور کہا کہ قاتل زغرب سے نیو فلادیلفیا پہنچے تھے جنھوں نے یونانی جرائم پیشہ افراد کے ساتھ مل کر کارروائی کی۔ فٹبال ٹیم نے مطالبہ کیا کہ اس کے فین میہالیس کے قاتلوں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے، اس سلسلے میں ٹیم کی جانب سے میہالیس کی تصویر کے ساتھ ایک ٹوئٹ بھی کیا گیا۔