اسلام آباد : حکومت نے مئی کے تیسرے ہفتے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گرین بانڈز کے اجرا کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے نئے کلائمیٹ ریزلینس 1.3 ارب ڈالر قرض کی اہم شرط کے پیش نظر وفاقی حکومت مئی کے تیسرے ہفتے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گرین بانڈز کا اجرا کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ماحول دوست منصوبوں کی فنڈنگ میں حائل رکاوٹیں دور کرے گا، ماحول دوست منصوبوں کی فنڈنگ کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے 30 ارب روپے کی فنڈ کا ہدف ہے۔
ہائیڈروپاور کے تین منصوبوں کی فنڈنگ مئی کے تیسرے ہفتے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے لینے کی تیاریاں جاری ہے۔
ذرائع نے کہا کہ حکومت 3 ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے لیے پی ایس ایکس سے 30 ارب روپے سکوک جاری کرے گی، سندھ، بلوچستان اور گلگت میں ہائیڈرو پراجیکٹ کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بانڈ جاری ہوں گے۔
اسکردو ہائیڈرو، بلوچستان میں نئ گنج ہائیڈرو اور سندھ میں بھی ہائیڈرو پراجیکٹ کو گرین بانڈز سے فنڈنگ ملے گی۔
پاکستان نے آئی ایم ایف 28 ماہ کا 1.3 ارب ڈالر کا کلائمیٹ ریزلینس قرض پروگرام لیا ہے، اس پروگرام کے تحت پاکستان کو 9 مئی کو ایک ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے۔