گریناڈا ایک خوبصورت کیریبین جزیرہ ہے جو اپنی قدرتی خوبصورتی اور پرامن ماحول کے لیے مشہور ہے۔ گریناڈا کی حکومت نے ایک خاص پروگرام شروع کیا ہے جس کے ذریعے لوگ اپنے آبائی ملک کے علاوہ دوسری شہریت حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ پروگرام ان لوگوں کے لیے بہت بڑا موقع ہے جو عالمی سطح پر سفر اور کاروبار کے مواقع بڑھانا چاہتے ہیں۔
سرمایہ کاری کے ذریعے گریناڈا کی شہریت
اے آر وائی نیوز انگلش کی رپورٹ کے مطابق گریناڈا نے اگست 2013 میں سیٹیزن شپ بذریعہ سرمایہ کاری پروگرام شروع کیا جس کے تحت درخواست دہندگان کو ملک میں بڑی سرمایہ کاری کرنی ہوتی ہے یا حکومت کی منظور شدہ جائیداد خریدنی ہوتی ہے۔ اس کے بدلے میں سخت جانچ پڑتال اور تحقیقات کے بعد درخواست دہندگان کو شہریت دیتی ہے۔
گریناڈا کی شہریت کے فوائد
ویزا فری یا ویزا آن ارائیول: گریناڈا کے شہری 140 سے زائد ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں جن میں چین، ہانگ کانگ، سنگاپور، برطانیہ اور یورپ کے شینگن علاقے شامل ہیں۔
امریکا کے ساتھ ای ٹو انویسٹر ویزا معاہدہ: گریناڈا واحد کیریبین ملک ہے جس کا امریکا کے ساتھ E-2 انویسٹر ویزا معاہدہ ہے جس کے تحت شہری گریناڈا میں تین سال تک رہنے کے بعد نان امیگرنٹ ویزا کیلیے درخواست دے سکتے ہیں۔
شہریت کی منتقلی: شہریت نئے شریک حیات اور آنے والی نسلوں کو بھی منتقل کی جا سکتی ہے۔
فیملی کی شمولیت: درخواست دہندہ اپنی فیملی کے افراد کو شامل کر سکتا ہے جن میں شریک حیات، 30 سال سے کم عمر بچے، 18 سال یا اس سے بڑی عمر کے غیر شادی شدہ بہن بھائی اور درخواست دہندہ اور اس کے شریک حیات کے والدین اور دادا دادی شامل ہیں۔
دہری شہریت کی اجازت: گریناڈا میں دہری شہریت پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
رہائش کی ضرورت نہیں: شہریت کیلیے گریناڈا میں رہنے کی کم از کم مدت کی کوئی شرط نہیں ہے۔
ٹیکس کے فوائد: گریناڈا میں کیپیٹل گینز اور وراثت پر کوئی ٹیکس نہیں ہے، ٹیکس صرف عالمی آمدنی پر عائد ہوتا ہے۔
شہریت کیلیے اہلیت کا معیار
درخواست دہندہ کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور اسے درج ذیل دو اہم اختیارات میں سے ایک کو پورا کرنا ہوگا
نیشنل ٹرانسفارمیشن فنڈ ڈونیشن آپشن: ایک فرد یا چار افراد تک کے خاندان کیلیے کم از کم 235,000 ڈالر کا ناقابل واپسی عطیہ۔
رئیل اسٹیٹ آپشن: حکومت کی منظور شدہ رئیل اسٹیٹ پراجیکٹ سے کم از کم 270,000 ڈالر کی جائیداد خریدنا اور اس کے علاوہ 50,000 ڈالر کا ناقابل واپسی عطیہ (ایک فرد یا چار افراد تک کے خاندان کیلیے)۔
اہم نوٹ
گریناڈا 90 دن تک بغیر ویزا قیام کی اجازت دیتا ہے لیکن آنے والوں کے پاس کم از کم چھ ماہ تک درست پاسپورٹ ہونا ضروری ہے۔