گھر پر دستی بم حملے، ایک شخص جاں بحق، 11 زخمی

بنوں میں شہری کے گھر پر دو دستی بم حملے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 11 زخمی ہو گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق دہشتگردی کا یہ واقعہ آج صبح تھانہ میرا خیل کی حدود میں پیش آیا جہاں ایک شہری کے گھر پر دستی بم کے دو حملے کیے گئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب اس واقعے کے کچھ دیر بعد ہی بنوں کے میر اعظم داؤد شاہ کے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل عصمت اللہ جاں بحق ہوگیا۔