شادی خاندان بھر کے لیے خوشیوں سے بھرا دن ہوتا ہے لیکن دولہا کی بارات سے چند گھنٹے پہلے اچانک موت سے خوشیاں سوگ میں بدل گئیں۔
شادی دو افراد کی نئی زندگی کی شروعات کا دن ہوتا ہے اور یہ صرف دولہا دلہن کے لیے نہیں بلکہ ان کے خاندان اور دوستوں کے لیے بھی خوشیوں بھرا دن ہوتا ہے لیکن کبھی کبھار ایسا حادثہ رونما ہو جاتا ہے کہ خوشیوں بھرے قہقہے غمگین آہوں سسکیوں میں بھی تبدیل ہو جاتے ہیں۔
ایسا ہی ایک المناک واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں دولہا اپنی بارات سے چند گھنٹے قبل حادثاتی طور پر انتقال کر گیا جس سے خوشیوں بھرے گھر میں ماتم بپا ہو گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق مصر میں پورٹ سعید گورنری میں دولہا اپنے بارات سے چند گھنٹے قبل کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق شادی کی رات پلمبرنگ کا کام کرنے والے نوجوان کو دوران کام بجلی کا شدید جھٹکا لگا۔ اس کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور دوران علاج چل بسا۔
اس واقعے پر علاقے میں سوگ کی کیفیت ہو گئی جب کہ رشتہ داروں اور دوستوں کی جانب سے مقامی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے افسوس اور دعائیہ پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔