بارات کے وقت دلہا کی کورونا رپورٹ نے ہلچل مچا دی

کورونا وائرس نے دلہے سے شادی کی خوشیاں چھین لیں، آخری وقت میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے ‏پر دلہے کو بارات چھوڑ کر قرنطینہ سینٹر جانا پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع ہمیرپور میں پیش آیا جہاں سہرا سجائے ‏دلہا بارات لے کر دلہنیا لے جانے کے لیے نکل ہی آ رہا تھا کہ اتنے میں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ آ ‏گئی۔

دھرمندا نامی شخص نے شادی سے دو روز قبل 22 مئی کو ٹیسٹ کروایا تھا اور عین 24 مئی کو ‏بارات والے دن رپورٹ موصول ہوئی جس میں کورونا مثبت آیا۔

شادی کی خوشیاں ماند پڑ گئیں اور بارات منسوخ کر دی گئی۔ پولیس اور دیگر طبی عملے کورونا ‏متاثرہ شخص کو قرنطینہ منتقل کرنے پہنچ گیا۔ ‏

کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے انچارج ڈاکٹر انیل سچن نے بتایا کہ دلہے کو مرکزی قرنطینہ سینٹر میں ‏منتقل کیا گیا ہے جب کہ اہل خانہ اور شادی میں شریک رشتے داروں کے سیمپل لے کر ٹیسٹ کیے ‏جارہے ہیں، جب تک ان کی رپورٹس نہیں آتیں 10 روز کے لیے ہاؤس آئیسولیشن کی ہدایت کی گئی ‏ہے۔