قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 گوجرانوالہ کی دوبارہ گنتی میں ن لیگی امیدوار کامیاب ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آر او شبیر حسین بٹ کا کہنا ہے کہ دوبارہ گنتی میں ن لیگ کے ذوالفقار بھنڈر کامیاب قرار پائے ہیں، انہوں نے 95604 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
ریٹرننگ افسر کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کے احسان ورک نے 92581 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں نشست پی ٹی آئی کے احسان ورک نے جیتی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما احسان اللہ ورک کا ردعمل
پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما احسان اللہ ورک نے کہا کہ این اے 79 سے الیکشن میں 2009 ووٹوں سے جیتا تھا، ن لیگی رہنما نے دوبارہ گنتی کی درخواست کی جو منظور کی گئی اور گنتی میں وہ جیت گئے۔
احسان اللہ ورک کا کہنا ہے کہ ’میرے پاس کالز آرہی تھیں ن لیگ جوائن کریں ورنہ دوبارہ گنتی میں ہرا دیں گے، میرے پاس جن نمبرز سے کالز آرہی تھیں اس کے ثبوت ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے انشا اللہ کامیابی ملے گی، آئندہ ماہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کروں گا، دوبارہ گنتی کے وقت ڈبوں پر جو سیل لگی ہوی تھیں وہ تبدیل تھیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کے وقت کی سیل توڑ کر نئی سیل لگادی گئی تھیں، پریزائیڈنگ افسران کو بلا کر پوچھا جائے کہ سیل کیسے تبدیل ہوئیں۔