پاکستان کا 76 واں یوم آزادی: توپوں کی سلامی، ملک کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

اسلام آباد: وطن عزیز پاکستان کا یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، عمارتوں، گلی کوچوں کو سبز ہلالی رنگوں سے سجایا گیا ہے۔

قوم آج پاک سرزمین کی ترقی، خوشحالی، سلامتی، استحکام اور وقار کے عزم کی تجدید کررہی ہے، پاکستانی عوام ملک پر تن، من دھن قربان کرنے سے بھی دریغ نہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے یہ دن منا رہی ہے۔

پاکستان کے قریہ قریہ، نگرنگر کو سبز ہلالی رنگوں سے سجایا گیا ہے، یوم آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں پر رنگا رنگ روشنیاں آویزاں کی گئی ہیں جب کہ یومِ آزادی پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا، دن کا آغاز پر پاک فوج اور نیوی کے چاہ و چوبند دستوں کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں سے کیا گیا, پاک فوج اور نیوی کے دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے گئے۔

دورسی جانب مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی خوشحالی، یکجہتی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں اور قرآن خوانی کی گئیں، اس سلسلے میں وطنِ عزیز  کے شہداء کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیاگیا اور اُن قربانیوں کو یاد کیا گیا جن کے طفیل یہ حسین خطہ ارض بہ فضلِ خداوند متعال ہمیں نصیب ہوا۔