کراچی میں بارش، گرومندر کے اطراف سڑک دھنسنا شروع

Rain

کراچی میں گزشتہ دنوں ہونے والی شدید بارش کے بعد شہر کے مرکزی علاقے گرومندر کے اطراف سڑک دھنسنا شروع ہوگئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بارش کی وجہ سے لوگوں کو آمد و رفت میں کافی مشکلات کا سامنا ہے، گرومندر کے قریب کی سڑک ایک جگہ سے دھنس چکی ہے، لوگوں کو یہاں سے گزرتے ہوئے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ نشاندہی کےلیے پتھر بھی رکھ دیے گئے ہیں۔

گرومندر کے قریب سڑک پر بارش کا پانی بھی جمع ہے اور لوگوں کی آمد و رفت مشکل ہوگئی ہے، یہاں سڑک پر دائرے کی صورت میں پتھر رکھے گئے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگورا واقعہ نہ ہو۔

حکومتی سسٹم فعال ہے جو نکاسی آب کو یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے، تاہم ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام الناس کےلیے بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ لوگ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں کیوں کہ اگر سڑک پر پانی کھڑا ہوگا تو یہ پتا چلنا مشکل ہوگا کہ گھڑا کہاں ہے اور فٹ پاتھ کہاں ہے۔

واضح رہے کہ خاص کر موٹرسائیکل سوار ان گڑھوں میں گرجاتے ہیں جس کی کئی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں، کراچی کی سڑکیں جو پہلے ہی تباہ حال تھیں بارش کی وجہ سے مزید تباہی سے دوچار ہوچکی ہیں۔