گوادر : گوادر میں احتجاج کرنے والے ماہی گیروں کے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد جاری دھرنا آج ختم ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوادر میں احتجاج کرنے والے ماہی گیروں کے حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے ، مذاکرات میں مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرلئے گئے اور تمام معاملات طے پا گئے۔
مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا ہے کہ 70ہزارماہی گیروں کوخصوصی پیکج دیاجائےگا ،وزیراعلیٰ بلوچستان آج باقاعدہ اعلانات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ باقاعدہ اعلانات کے بعد گوادر دھرنا آج ختم کئے جانے کا قوی امکان ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزرا اسدعمراورزبیدہ جلال گوادر پہنچ گئے ہیں ، وفاقی وزرااعلٰی سطح اجلاس میں شرکت کریں گے ، جس میں گوادر میں ترقیاتی منصوبوں پربریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں حق دوتحریک کے مطالبات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا ، جس کے بعد وفاقی وزراپریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے شہر گوادر میں ماہی گیروں کے جاری احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرالروں سے غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی بات کریں گے۔