قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بنگلادیش کے خلاف عبرتناک شکست پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیش کے ہاتھوں پاکستان کی اپ سیٹ شکست کے بعد پی سی بی چیئرمین محسن نقوی پر کڑی تنقید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر محمد حفیظ نے تاریخی کامیابی پر مہمان ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور محسن نقوی کو ان کے سرجری کے متعلق دیے گئے بیان پر طنز کیا۔
سابق کپتان نے لکھا کہ ’مرتے دم تک سرجری جاری ہے۔‘
واضح رہے کہ بنگلادیش نے 12 ٹیسٹ میچز میں مسلسل شکستوں کے بعد 13ویں میچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان کو ہوم گراؤنڈ کو 10 وکٹوں سے شکست کی ہزیمت سہنا پڑی۔
گزشتہ روز محسن نقوی نے کہا تھا کہ سرجری کی باتیں کرتے ہیں تاکہ چیزوں کودرست کیا جائے لیکن سرجری کے لیے مناسب ٹولز بھی ہونے چاہئیں، پیچھے دیکھتے ہیں تو کافی گڑ بڑ نظر آتی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ چیمپئنزٹرافی کے ذریعے ہمارے سامنے ٹیلنٹ آجائے گا اورٹیم کے لیے بہترین انتخاب کریں گے، ہمارے پاس بیک اپ پلیئرز آجائیں جو پرفارم کرے گا وہ میرٹ پر اوپر آئے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔