بیل آؤٹ پیکج کے حوالے سے مشیر خزانہ کی زیر صدارت صوبائی وزرائے اعلیٰ کا اہم اجلاس

اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے نئے بیل آؤٹ پیکج کے حوالے سے آئی ایم ایف حکام سے ملاقات کی جبکہ صوبائی وزرائے اعلیٰ کو بھی اعتماد میں لیا۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت مالیاتی رابطہ کمیٹی کااجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، مراد علی شاہ بطور صوبائی وزیر خزانہ شریک ہوئے۔

دورانِ اجلاس مشیر خزانہ نے وزرائے اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ اب وفاق صوبوں کو بہتر کارکردگی کی بنیاد پر ہی گرانٹس جاری کرے گا۔ اجلاس میں بجٹ کے حوالےسے صوبوں کی رائے طلب کی گئی جس پر بجٹ میں غور کیے جانے کا امکان ہے۔ قبل ازیں مشیر خزانہ نے نئےبیل آؤٹ پیکج پرآئی ایم ایف حکام سے بھی ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: بجٹ خسارے کا اثر وفاق اور صوبوں پر پڑتا ہے: مشیر خزانہ

دریں اثناء صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجٹ خسارے کا اثر وفاق اور صوبوں پر پڑتا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی آج ہو جائے گی، جو لوگ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں انہیں آگے لا رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے صوبوں اور وفاق حکومت کے حکام نے ملاقات کی ہے، صوبوں نے اپنی تجاویز دی ہیں، مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں معاشی اعداد و شمار دیے گئے، ٹیکس وصولیاں بڑھانے پر آئی ایم ایف سے بات ہوئی جبکہ اُن کی دی جانے والی تجاویز پر آئندہ بجٹ میں غور کیا جائے گا۔