کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ بلاول کہہ رہے ہیں میئرجیالا ہوگا، بتائیں کیسے ہوگا؟
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست دائرکی ہے، بلدیاتی انتخابات کو یرغمال بنایا جارہا ہے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی کا کہناتھا کہ سندھ حکومت ان انتخابات پرقبضہ کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، ڈھائی سال کی جدوجہد کے بعد بلدیاتی الیکشن ہوئےہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے غیر جمہوری طریقے سے آر اوز کے ذریعے نتائج تبدیل کیے، آر اوز کے ذریعے نتائج تبدیل کرکے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی بھی نشستوں پر اسی طرح قبضہ کیا گیا، پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کیساتھ مل کرباقی ضمنی الیکشن کو بھی منیج کیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ مسئلہ پارٹی کا نہیں شہر کے بچوں کا ہے، شہر کو سنگین بلدیاتی مسائل کا سامنا ہے، 18برس میں کے فور کا منصوبہ نہیں بن سکا ہے، اعلان کرتے ہیں بجٹ میں پیسے نہیں رکھے جاتے، بلاؤل بتائیں کے فور منصوبہ کیوں نہیں بنا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ غریب شہریوں سے پوچھیں وہ کس صورتحال کا سامنا کررہے ہیں، این جی اوز کے پیچھے چھپ کر صحت اور تعلیم کا بجٹ کھا رہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے پاس 193 کا نمبر پورا ہے، پیپلزپارٹی کے پاس سب ملا کر بھی 166سیٹیں ہیں، بلاول کہہ رہے ہیں میئرجیالا ہوگا، بتائیں کیسے ہوگا؟
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ پی پی کا میئر دھاندلی اور گرفتاریوں اور خریدنے سے ہی ہوگا، الیکشن ہو رہا یا کوئی مذاق، کوئی پوچھنے والاہے یا نہیں۔