کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ غزہ کے معاملے پر مسلم ممالک نے بے غیرتی کا لبادہ اوڑ رکھا ہے۔
اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف خواتین کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے اکٹھے ہوئے ہیں، غزہ میں فلسطینی اسرائیل وحشیانہ بمباری کا شکار ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ طاقتور ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جبکہ جن میں جذبہ ایمانی اور شوق شہادت ہے وہ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطین کی مدد کے قابل نہیں، امریکا اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے، مسلم ممالک اور کچھ نہ کریں اسرائیلی حمایتی ممالک کا تیل بند کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک نے بے غیرتی کا لبادہ اوڑ رکھا ہے، یہ امریکا کا کھاتے ہیں اور اسی کے گن گاتے ہیں۔
”مسلمان حکمرانوں کا کام غزہ کے مسلمانوں کو اسلحہ پہنچانا ہے“
گزشتہ ہفتے جماعت اسلامی کے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے قریب غزہ ملین مارچ سے خطاب میں سراج الحق نے کہا تھا کہ مسلمان حکمرانوں کا کام غزہ کے مسلمانوں کو کھانا اور دوائی پہنچانا نہیں بلکہ مدد اور اسلحہ پہنچانا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا تو امریکی ترجمان نے ہمارے حکمرانوں سے رابطہ کیا، امریکا نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہم سفارت خانے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
”ہم غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل جب تک ظلم بند نہیں کرتا تب تک احتجاج کرتے رہیں گے، ہمارے مسلمان حکمرانوں نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی جبکہ ترکیہ صدر نے اسرائیل کو زبردست پیغام دیا۔“
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل نے قبضہ کیا ہوا ہے اور اسپتالوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اب تک ڈھائی لاکھ سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ مسلمان حکمرانوں نے اب امریکا کی طرف دیکھنا شروع کر دیا ہے، ان سے کہنا چاہتا ہوں آپ کا کام غزہ کے عوام کو بچانا ہے، دشمن کے ٹینکوں کا مقابلہ کرنا ہے۔