’بلاول سن لیں کراچی کا فیصلہ سندھ کے جاگیردار نہیں کریں گے‘

’بلاول سن لیں کراچی کا فیصلہ سندھ کے جاگیردار نہیں کریں گے‘

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ بلاول کہتے ہیں بدین کے فیصلے کراچی کے بابو نہیں کریں گے تو وہ بھی سن لیں کہ کراچی کا فیصلہ سندھ کے جاگیردار نہیں کریں گے۔

سوک سینٹر پر گیس قلت کے خلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئین کے مطابق گیس پر پہلا حق اس صوبے کا ہے جہاں پیداوار ہوتی ہے، سندھ 70 فیصد گیس پیدا کرتا اور یہاں کی انڈسٹری کو گیس نہیں ملتی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تندور والوں کا بل بھی لاکھوں روپے میں آ رہا ہے، کراچی میں صرف تنخواہ دار طبقے نے پورے پنجاب کے برابر ٹیکس دیا، پورے ملک کے جاگیرداروں نے صرف 4 ارب کا ٹیکس دیا، یہ سب جاگیردار آپ کو (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں ملیں گے۔

متعلقہ: بلاول بھٹو اب وزیر اعظم نہیں بن سکتے، حافظ نعیم الرحمان

انہوں نے کہا کہ کراچی کا معیشت میں اہم کردار ہے لیکن یہاں گیس کا شدید بحران ہے، کراچی کے صنعتی ادارے گیس بحران کی وجہ سے پریشان حال ہیں، شہریوں کو گیس نہیں ملتی لیکن بل ہزاروں میں آ رہے ہیں، عوام ٹیکس کی مد میں سالانہ اربوں روپے ادا کر رہے ہیں، اربوں روپے ٹیکس کے باوجود کراچی پانی، گیس اور بجلی سے محروم ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ انڈسٹریز پر ٹیکس لگایا جاتا ہے لیکن جاگیرداروں پر ٹیکس نہیں لگایا جاتا، آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر ٹیکس لگایا جاتا ہے، آئی ایم ایف اور جاگیردار مل کر عوام کی قسمت کا فیصلہ کرتے ہیں، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کہاں ہے؟

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 66 فیصد طلبہ و طالبات کو سازش کے تحت فیل کیا گیا، ہم طلبہ و طالبات کے حق سے دستبردار نہیں ہو سکتے، کراچی کی سودا گری کرنے والوں کو عوم مسترد کر دیں گے۔